پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 8ویں میچ میں ملتان سلطانز نے صاحبزادہ فرحان کی شاندار سنچری کی بدولت حیدرآباد کنگزمین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے۔
کنگزمین کی جانب سے جارح مزاج اوپنر معاذ صداقت نے 26 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ پی ایس ایل میں واپسی کرنے والے شرجیل خان نے بھی 26 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب نے 27، عثمان خان نے 25، سعد علی نے 23 جبکہ عرفان خان نے 22 رنز اسکور کیے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم دو وکٹیں لے کر نمایاں بولر رہے جبکہ ایشٹن ٹرنر، پیٹر سیڈل اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور اسٹیو اسمتھ نے جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ اسٹیو اسمتھ 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابلِ شکست 106 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
دیگر بلے بازوں میں شان مسعود نے 29 اور عرفات منہاس نے 26 رنز بنا کر اہم ساتھ دیا۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب نے دو جبکہ مہیش تھیکشنا اور حسان خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
شاندار کارکردگی پر صاحبزادہ فرحان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ یہ ملتان سلطانز کا دوسرا جبکہ حیدرآباد کنگزمین کا تیسرا میچ تھا۔ اس فتح کے ساتھ ملتان سلطانز ایونٹ میں مسلسل دو کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی، جبکہ حیدرآباد کنگزمین کو تیسرے میچ میں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔