پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ملک بھر میں مرغی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے فوری اثرات اشیائے خورونوش پر بھی ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، اور صرف ایک ہی دن میں مرغی کی قیمت میں 35 روپے فی کلو تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مرغی کی فی کلو قیمت 455 روپے تھی، جو ایک دن میں بڑھ کر 490 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ مرغی کے گوشت کی قیمت بھی بڑھ کر 780 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں، جس کا براہِ راست اثر مرغی سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر پڑتا ہے۔
شہریوں نے قیمتوں میں اس اچانک اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کرے، کیونکہ مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتیں عام آدمی کی قوتِ خرید کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔