حکومت کی جانب سے پیٹرول سبسڈی کے بعد موٹر سائیکل سواروں کو ایک اور بڑا ریلیف فراہم کر دیا گیا ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے،اس اہم فیصلے کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور پیٹرول سبسڈی کے حصول میں درپیش رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول سبسڈی کا فائدہ پہنچانے کے لیے محکمہ ایکسائز نے کئی انقلابی اقدامات متعارف کروائے ہیں ،ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے اس حوالے سے بتایا کہ حکومت نے عوامی ریلیف کو مدِنظر رکھتے ہوئے موٹر سائیکل کی منتقلی پر عائد تمام فیسیں ختم کر دی ہیں، جس کے بعد شہری بغیر کسی اضافی اخراجات کے اپنی موٹر سائیکل اپنے نام منتقل کروا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنی موٹر سائیکلیں اپنے نام پر رجسٹرڈ کروا سکیں تاکہ وہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ پیٹرول سبسڈی سے مستفید ہو سکیں، اس سے نہ صرف عوام کو مالی ریلیف ملے گا بلکہ رجسٹریشن کے عمل میں شفافیت بھی آئے گی۔
شہریوں کی سہولت کے پیشِ نظر محکمہ ایکسائز کے دفاتر کے اوقات کار میں بھی نمایاں تبدیلی کی گئی ہے، ڈی جی ایکسائز کے مطابق اب ایکسائز دفاتر 24 گھنٹے کھلے رہیں گے تاکہ ملازمت پیشہ افراد اور دیگر شہری اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت آ کر اپنی موٹر سائیکل رجسٹرڈ یا منتقل کروا سکیں۔
رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کے لیے محکمہ ایکسائز میں خصوصی طور پر اضافی کاؤنٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کو جلد اور آسان سہولت فراہم کی جائے گی۔
عرفان میمن نے واضح کیا کہ حکومتی پیٹرول ریلیف سے صرف وہی افراد فائدہ اٹھا سکیں گے جن کی موٹر سائیکل ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہوگی۔
انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور فوری طور پر اپنی موٹر سائیکلیں اپنے نام منتقل کروائیں تاکہ وہ حکومتی سبسڈی کے اہل بن سکیں۔
یہ اقدام عوامی فلاح کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف شہریوں کو مالی سہولت میسر آئے گی بلکہ سرکاری نظام میں بہتری بھی متوقع ہے۔