وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے واضح کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانے والی سبسڈی ہر موٹر سائیکل مالک کو فراہم نہیں کی جائے گی بلکہ اس کے لیے مخصوص شرائط مقرر کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایک سے زائد موٹر سائیکل رکھنے والے یا گاڑی کے مالک افراد کے لیے علیحدہ ضابطہ کار طے کیا جا رہا ہے تاکہ سبسڈی مستحق افراد تک پہنچائی جا سکے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ کاشتکاروں کو فیول سبسڈی کسان کارڈ کے ذریعے فراہم کی جائے گی، جبکہ جن کسانوں نے ابھی تک یہ کارڈ حاصل نہیں کیا انہیں فوری طور پر کارڈ بنوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے اشیائے خورونوش کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اس حوالے سے انتہائی فکرمند ہیں۔ ان کے مطابق بیرون ملک سے دالوں کی درآمد میں تاخیر کے باعث مشکلات پیدا ہوئی ہیں، تاہم چنے کی نئی فصل جلد مارکیٹ میں آنے سے صورتحال میں بہتری متوقع ہے۔
وزیر اطلاعات نے عوام پر زور دیا کہ وہ ناجائز منافع خوری سے گریز کریں اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پیرافورس اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی کریں گے۔
انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اکیلے اس بحران کا مقابلہ نہیں کر سکتی اور اس کے لیے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔