مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ

مہنگائی کے ستائے عوام  کی  مشکلات میں مزید اضافہ

مہنگائی کے ستائے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جہاں محض ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.93 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.93 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد ہفتہ وار مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح 12.15 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کل 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ڈیزل کی قیمت میں 54.71 فیصد جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 17.86 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق روزمرہ استعمال کی اشیاء میں ٹماٹر 9.35 فیصد، ایل پی جی 8.61 فیصد اور آلو 4.13 فیصد مہنگے ہوئے۔ اسی طرح انڈے 3.77 فیصد، بیف 1.07 فیصد، مٹن 1.05 فیصد اور بریڈ کی قیمت میں 0.47 فیصد اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے اہم احکامات جاری کردیئے

دوسری جانب مہنگائی کے اس رجحان کے باوجود 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی۔ لہسن 3.78 فیصد اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے، جبکہ دیگر اشیاء میں چکن کی قیمت میں 1.05 فیصد، آٹا 0.73 فیصد اور گھی و خوردنی تیل کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *