ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے وفاقی دارالحکومت میں کاروباری سرگرمیوں کی بحالی کا اعلان کرتے ہوئے شہر بھر میں دکانیں اور مارکیٹیں کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ایکسپریس وے پر قائم مخصوص سیکیورٹی روٹ کے علاوہ اسلام آباد کے تمام تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلے رہ سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ شہری بلاجھجھک خرید و فروخت کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کی جانب سے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
عرفان نواز میمن نے وضاحت کی کہ حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں غیرملکی مہمانوں کی آمد کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دکانوں اور مارکیٹوں کو عارضی طور پر بند رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم، سکیورٹی صورتحال میں بہتری اور مہمانوں کی مصروفیات کے اختتام کے بعد اب یہ پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایکسپریس وے پر لگائے گئے خصوصی سکیورٹی انتظامات اور روٹ کی وجہ سے اس علاقے میں بعض اوقات آمدورفت اور کاروباری سرگرمیوں پر جزوی اثر پڑ سکتا ہے، لہٰذا شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ شہریوں کی سہولت اور کاروباری طبقے کے مفادات کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھتے ہوئے معمولاتِ زندگی کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔