انسٹاگرام نے صارفین کا بڑا مسئلہ حل کردیا ، اہم فیچر متعارف

انسٹاگرام  نے صارفین کا بڑا مسئلہ حل کردیا ، اہم فیچر متعارف

انسٹاگرام نے صارفین کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب کمنٹس کو پوسٹ کرنے کے بعد محدود وقت کے اندر ایڈٹ کیا جا سکے گا۔

 کافی عرصے سے صارفین کی جانب سے اس سہولت کا تقاضا کیا جارہا تھا اور اب بالآخر اسے عملی شکل دے دی گئی ہے، جس سے صارفین کو اپنی غلطیوں کی تصیحح میں آسانی ہوگی۔

میٹا کی ملکیت رکھنے والے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام نے اعلان کیا ہے کہ صارفین اب اپنے کیے گئے کمنٹس کو پوسٹ کرنے کے بعد 15 منٹ کے اندر ایڈٹ کر سکتے ہیں،  یہ وقت کی حد اس لیے رکھی گئی ہے تاکہ صارفین فوری طور پر اپنی تحریر میں موجود غلطیوں کو درست کر سکیں یا اپنے پیغام میں مناسب تبدیلی لا سکیں۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر مرحلہ وار دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کروایا جا رہا ہے،  اس اقدام کا مقصد صارفین کو بہتر تجربہ فراہم کرنا اور انہیں اپنی بات زیادہ واضح اور درست انداز میں پیش کرنے کا موقع دینا ہے۔

خاص طور پر ایسے مواقع پر جب کمنٹ میں کوئی ٹائپنگ مسٹیک یا غیر ارادی غلطی ہو جائے، یہ فیچر نہایت کارآمد ثابت ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں :صارفین کیلئے بری خبر ، انسٹاگرام کا اہم فیچر ختم کرنے کا اعلان

نئے فیچر کے تحت صارفین اپنے کمنٹ کے نیچے موجود ’ایڈٹ‘ کے آپشن پر کلک کر کے آسانی سے متن میں تبدیلی کر سکیں گے، ایڈٹ کرتے وقت ایک نیا پاپ اپ کھلے گا، جس میں کمنٹ کو تبدیل کر کے دوبارہ محفوظ کیا جا سکتا ہے، اس طرح صارفین کو ایک سادہ اور آسان طریقہ فراہم کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنی بات کو بہتر انداز میں پیش کر سکیں۔

انسٹاگرام کا کہنا ہے کہ صارفین 15 منٹ کی مقررہ مدت کے اندر جتنی بار چاہیں اپنے کمنٹ کو ایڈٹ کر سکتے ہیں، تاہم اس فیچر میں کچھ حدود بھی رکھی گئی ہیں،  کمپنی کے مطابق صرف کمنٹ کے ٹیکسٹ حصے کو ہی تبدیل کیا جا سکے گا، اگر کمنٹ میں تصویر شامل ہو تو اسے ایڈٹ نہیں کیا جا سکے گا۔

مزید براں ایڈٹ کیے گئے کمنٹ کے ساتھ ایک سرمئی رنگ کا ’ایڈیٹ‘ لیبل بھی ظاہر ہوگا، تاکہ دیگر صارفین کو معلوم ہو سکے کہ اس میں تبدیلی کی گئی ہے۔

البتہ انسٹاگرام کی جانب سے کمنٹ کی پرانی شکل دیکھنے کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، یعنی ایک بار کمنٹ ایڈٹ ہونے کے بعد اس کا سابقہ ورژن دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ انسٹاگرام پر پوسٹس کے کیپشنز کو ایڈٹ کرنے کی سہولت 2014 سے موجود تھی تاہم کمنٹس کو ایڈٹ کرنے کا فیچر اب متعارف کروایا گیا ہے، جو صارفین کے لیے ایک اہم سہولت سمجھی جا رہی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *