بائیکرز سبسڈی منصوبے کے لیے پنجاب حکومت کے فنانس ڈیپارٹمنٹ نے 24 ارب روپے کے فنڈز طلب کر لیے ہیں۔ اور اس رقم کی منظوری کے لیے سمری وزیرِاعلیٰ کو بھجوا دی ہے، جس کی منظوری کے بعد فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت صوبے بھر میں تقریباً 1 کروڑ 25 لاکھ موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 2 ہزار روپے سبسڈی دینے کا تخمینہ ہے، جبکہ فی لیٹر پٹرول پر 100 روپے تک سبسڈی فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ایکسائز ذرائع کے مطابق اب تک 80 لاکھ سے زائد بائیکرز اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ 1980ء سے اب تک پنجاب میں تقریباً 5 کروڑ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کا عمل مکمل ہونے کے بعد سبسڈی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا، جس سے عوام کو مہنگے ایندھن کے بوجھ میں نمایاں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔