ایک اور تنازع، امریکی فوج کا آج شام سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان

ایک اور تنازع، امریکی فوج کا آج شام سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے صدرڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کی روشنی میں آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا باضابطہ آغاز کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سینٹکام کے مطابق یہ ناکہ بندی پاکستانی وقت کے مطابق پیر کی شام 7 بجے سے مؤثر ہو چکی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس اقدام کے تحت ایرانی بندرگاہوں کی جانب آنے اور وہاں سے جانے والے تمام بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر کڑی نگرانی رکھی جائے گی، جبکہ خلیج عرب اور خلیج عمان میں بھی ایرانی پورٹس سے منسلک جہازوں کو محدود کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے کسی بھی فوجی جہاز کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے جہازوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:جنگ بندی پر خاموشی ٹوٹ گئی، ٹرمپ کا بڑا بیان سامنے آگیا

ایرانی حکام کی جانب سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ ایک امریکی جہاز کو آبنائے ہرمز کے قریب سے واپس جانے کی وارننگ دیتی دکھائی دیتی ہے۔ ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد خطے میں ممکنہ تصادم کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔

دفاعی ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے نہایت اہم گزرگاہ ہے، اور یہاں کسی بھی قسم کی کشیدگی نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی معیشت پر بھی گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles