ایرانی صدر کو لے جانیوالے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ، عوام سے دعائوں کی اپیل

ایرانی صدر کو لے جانیوالے ہیلی کاپٹر کی کریش لینڈنگ، عوام سے دعائوں کی اپیل

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر کو آزربائیجان میں حادثہ پیش آیا ہے جہاں حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر نے ہنگامی لینڈنگ کی جس کے بعد سے صدر اور وزیر خارجہ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ ایرانی قومی ٹیلی ویژن نے اس حوالے سے ایرانی صدر کی خیریت کیلئے عوام سے دعائوں کی اپیل کی ہے۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کی جگہ سے آنیوالی خبریں تشویشناک ہیں اور ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سمیت اعلیٰ حکام کی زندگیاں خطرے میں ہیں جبکہ ایرانی فوجی ریسکیو ٹیمیں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف ہیں۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ پاسدران ایران اور دیگر فورسزکی بھاری نفری ایران اور آزربائیجان کے علاقے میں پہنچ رہی ہے جہاں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹرکو حادثہ پیش آیا ہے غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ابھی تک صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹرسے کوئی رابط نہیں ہورہا انہوں نے کہا کہ صدر ابھی تک لاپتہ ہیں اور ان کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا .رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران اور آزربائیجان کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اس علاقے کو پہاڑوں اور جنگل کی وجہ سے خطرناک تصور کیا جاتا ہے تہران سے ایرانی وزیرداخلہ نے کہا کہ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر صدر رئیسی کو بائی روڈجانے کی بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جانے کا مشورہ دیا گیا ہے.

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حادثہ’’سنگون‘‘کے علاقے میں پیش آیا ہے انہوں نے کہا کہ تہران میں جس طرح کا ماحول ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ معاملات بہت سیریس ہیں انہوں نے بتایا کہ ایرانی ایوی ایشن کے مطابق ہیلی کاپٹرکے لاپتہ ہونے سے پہلے ایک جی پی ایس سنگل کے ذریعے تبریزایوی ایشن سے رابط کرنے کی کوشش کی گئی.بتایا جارہا ہے کہ علاقے میں موسم سخت خراب ہے اور بارش اور دھند ہے جس کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کو تلاش کرنے میں مشکل ہے.

ایرانی حکام نے اگرچہ ’’سازش‘‘کے امکان کو قبل ازوقت قراردیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا کہ قافلے میں شامل تین ہیلی کاپٹروں میں سے وہ ہیلی کاپٹر ہی حادثے کا شکار ہوا ہے جس میں ایرانی صدر ‘وزیرخارجہ اور دیگر اعلی حکام سوار تھے۔

مقامی ایرانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا ہے کہ اس قافلے میں تین ہیلی کاپٹر تھے جن میں سے دو وزرا اور عہدیداروں کو لے کر جا رہے تھے اور وہ بحفاظت اپنی منزل پر پہنچ گئے، تاہم ایک ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر لاپتا ہوگیا، ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور دیگر حکام بھی اسی ہیلی کاپٹر میں صدر رئیسی کے ہمراہ سوار تھے، ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی خبروں کے بعد عوام سے صدر رئیسی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔

سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے قومی سلامتی کا اجلاس بلا لیا

اس حوالے سے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای قومی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی زندہ نہ پائے گئے تو نائب صدر محمد مخبر ان کی جگہ لیں گے اور آئندہ 50 روز میں ملک میں نئے انتخابات کرانا ہوں گے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی حکام کی جانب سے سوالات کے جواب دینے سے گریز کررہے ہیں جس سے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں جبکہ تبریز سے اول نائب صدر محمد مخبر دزفولی تہران پہنچ رہے ہیں وہ صدر ابراہیم رئیسی کے مجوزہ دورہ تبریزکی وجہ سے وہاں موجود تھے ایرانی آئین کے مطابق صدر کی موت کی صورت میں سپریم لیڈر نائب صدور میں سے کسی کو قائمقام صدر مقررکرتا ہے اور اس کے بعد پچاس دنوں کے اندر نئے انتخابات کروائے جاتے ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کی تلاش میں مصروف

دوسری جانب حادثے کا شکار ہونیوالے ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے 40 ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں جو ہیلی کاپٹر حادثے کا مقام تلاش کرنے میں مصروف ہیں۔ ایرانی حکام نے صدر رئیسی کی تلاش میں ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ ڈرون طیارے بھی روانہ کردیئے ہیں۔

صدر کا قافلہ تین ہیلی کاپٹرز پر مشتمل تھا اور کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق جس ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، ابراہیم رئیسی اسی میں سوار تھے۔ابھی تک حادثے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی بھی تصدیق یا تردید نہیں ہو سکی۔63سالہ ابراہیم رئیسی 2021 سے ایرانی صدر کے منصب پر فائز ہیں۔

ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر 45سال پرانا نکلا

یرانی وزیرداخلہ احمدواحدی نے کہا ہے کہ ایرانی صدر جس ہیلی کاپٹر میں سفر کررہے تھے وہ شاہ ایران کے دور کا امریکی ساختہ ہیلی کاپٹر تھا جو45 سال پرانا ہے ایران پر طویل پابندیوں کی وجہ سے ایرانی ایوی ایشن جہازوں اور ہیلی کاپٹرزکو اپ ڈیٹ نہیں کرسکی۔ایرانی صدر کے زیراستعمال ہیلی کاپٹرپہلے فوج کے استعمال میں تھا جسے بعد میں صدرکی نقل وحرکت کے لیے مختص کردیا گیا۔

ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر ملنے کی متضاد اطلاعات

ایرانی میڈیا نے کچھ دیر پہلے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہونیوالے ہیلی کاپٹر تلاش کر لیا گیا ہے تاہم ہلال احمر ایران کی جانب سے ان خبروں کی تردید کی گئی ہے۔ ہلال احمر ایران کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ دھند، اندھیرے اور موسی صورتحال کی وجہ سے آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *