آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کے فروغ کیلئے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اسپیشل کمیونیکیشن آرگنائزیشن (ایس سی او) کے تحت دور دراز علاقوں میں 4جی سروس کی فراہمی کا کام تیزی سے جاری ہے۔
ایس سی او اس وقت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 47 نئے 4جی ٹاورز نصب کر رہا ہےجن میں سے 11 ٹاورز پہلے ہی فعال ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ نیٹ ورک کو بہتر بنانے کیلئے 87 میں سے 53 سائٹس کو اپ گریڈ بھی کیا جا چکا ہے۔
حکام کے مطابق یہ منصوبہ دسمبر 2026 تک مکمل ہو جائے گا جس کا مقصد دور افتادہ علاقوں میں جدید ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور رابطے کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی میں بہتری سے ان علاقوں میں تعلیم، کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ایس سی او “ڈیجیٹل پاکستان” وژن کے تحت ملک بھر میں جدید سہولیات پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے۔