ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کے بعد اب ملک کے نائب صدر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے آئین کے تحت اگر ایران کا صدر نااہل ہو جاتا ہے، استعفیٰ دیتا ہے، غیر حاضر رہتا ہے، بیمار ہو جاتا ہے یا انتقال کر جاتا ہے تو نائب صدر صدارتی ذمہ داریاں سنبھالتا ہے۔ ایران کے اس وقت محمد مخبر ایران کے نائب صدر ہیں اور آئین کے مطابق صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ محمد مخبر تاحکم ثانی ایران کے قائم مقام صدر رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس گرفتار
خیال رہے کہ ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اورگورنر تبریز جاں بحق ہو گئے ۔متعدد ایرانی خبر رساں اداروں نے تصدیق کی ہے کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام نو مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں۔ امدادی کارکنوں کو مشکل موسم میں گھنٹوں کی تلاش کے بعد جائے حادثہ کا پتہ چلا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر مشرقی آذربائیجان صوبے میں ڈیم کی افتتاحی تقریب سے واپسی پر خراب موسم کی وجہ سے گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ حادثہ تبریز شہر میں پیش آیا جو تقریب کے مقام سے تقریبا 100 کلومیٹر دور ہے۔ ایرانی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سربراہ نے کہا کہ صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر مل گیا ہے لیکن صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔ ترک ڈرونز نے ممکنہ حادثے کی جگہ کی نشاندہی بھی کی ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نادرا نے جدید ترین ڈیجیٹل شناختی کٹ تیار کر لی
ایک ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ صدر رئیسی کے بچنے کے امکانات کم ہیں کیونکہ حادثے کے مقام پر زندگی کے کوئی آثار نہیں ہیں۔ بدقسمتی سے ہیلی کاپٹر مکمل طور پر جل گیا اور تمام مسافروں کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے۔ تہران، البرز، اردبیل، مشرقی آذربائیجان، مغربی آذربائیجان اور ترکی سمیت چھ صوبوں کی امدادی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ اس آپریشن میں ایرانی فوجی دستے بھی شامل ہیں۔