مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے وقار کو بلند کرنے کے لیے تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے ہیں،انہوں نے یہ بات گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاسی میدان ہو یا دفاعی شعبہ، ان کی جماعت نے ہمیشہ ملک کی بہتری کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عسکری قیادت بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتھک محنت کے ذریعے ملک کے تشخص کو مضبوط کیا ہے، جس کے نتیجے میں آج دنیا بھر میں ایک بار پھر سبز پاسپورٹ کی عزت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے اس خطے میں عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے،نواز شریف نے کہا کہ تقریباً ساٹھ ارب روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر کی گئی جس سے فاصلے کم ہوئے اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانی پیدا ہوئی۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ تمام ترقیاتی کام کوئی احسان نہیں بلکہ عوام کا بنیادی حق ہیں اور ان کی جماعت نے ہمیشہ عملی اقدامات پر یقین رکھا ہے،سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی پر وزیراعظم شہباز شریف خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اس خطے میں فنڈز کی تقسیم اور استعمال کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مالی وسائل کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور وہ خود بھی اس عمل میں کردار ادا کریں گے۔
نواز شریف نے ملک کے دیگر حصوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور وفاق میں ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور دیگر صوبوں کو بھی ان تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے وہاں ایک ہی سیاسی انتظام موجود ہے لیکن عوامی فلاح و بہبود کے نتائج نظر نہیں آ رہے، ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام کو سہولیات میسر نہ ہوں تو سوالات پیدا ہوتے ہیں کہ ترقی کیوں نہیں ہو رہی۔
نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی جماعت ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور ہر سطح پر عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔