وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انہیں محمود اچکزئی اور نواز شریف کے درمیان کسی رابطے کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سامنے آنے والی باتوں سے وہ لاعلم ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آج حکومت کی جانب سے ایک بہتر اور مثبت اقدام کیا گیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کو بھی مثبت اقدامات کرنے چاہئیں، کیونکہ اسی طرح سیاسی عمل میں اعتماد سازی ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے ہفتے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات اور ڈائیلاگ کے حق میں نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جب بھی پی ٹی آئی کے رہنماؤں سے ملاقات ہوتی ہے تو وہ یہی کہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر نے اپوزیشن اراکین کی رائے معلوم کرنے کے بعد آئینی اور پارلیمانی طریقہ کار کے تحت محمود اچکزئی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ ان کے مطابق سینیٹ میں علامہ راجہ ناصر عباس کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کا عمل چیئرمین سینیٹ کے آنے کے ساتھ ہی شروع ہو جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے زور دیا کہ سیاسی معاملات میں بات چیت اور مثبت رویہ ہی مسائل کے حل کا راستہ ہے، اور تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوری عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔