اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلنگ کنسلٹنٹ رومان رئیس نے کوالیفائر میں زبردست بیٹنگ کرنے پر بابر اعظم کو کریڈٹ دیتے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ بابر ایک بار پھر اپنے حقیقی انداز میں واپس آئے ہیں ۔
کراچی میں کھیلے گئے کوالیفائر کے بعد پریس کانفرنس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے رومان رئیس نے کہا کہ پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم کو کریڈٹ جاتا ہے، انہوں نے زبردست بیٹنگ کی ، کراچی کے وکٹ پر سلو بال پر تھوڑی مہارت درکار تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بابر جیسے کلاسک پلیئر کے سامنے کافی نپی تلی بولنگ کرانا ہوگی، بابر کی وکٹ لینے کیلئے ان کو غلطی پر مجبور کرنا پڑتا ہے۔
رومان رئیس کا کہنا تھا کہ ہمارے باولرز میں صلاحیت کی کمی نہیں، پورے سیزن میں اسلام آباد کے بولرز کو کم رن پڑے ہیں، ہم نے 2 میچ پہلے حیدرآباد کو 85 پر آؤٹ کیا تھا، اسلام آباد یونائیٹڈ ہر صورت حال میں پلیئرز کو بیک کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے کوالیفائر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 70 رنز سے شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے ۔
دریں اثنا بابر اعظم نے کوالیفائر میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے رواں سیزن میں اپنے 500 رنز بھی مکمل کرڈالے ، اس کارنامے کے ساتھ بابر اعظم پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ مرتبہ 500 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
بابر اعظم اب تک پی ایس ایل کے 4 مختلف سیزنز میں 500 رنز کا ہندسہ عبور کر چکے ہیں، جس میں 2021، 2023 اور 2024 کے سیزن شامل ہیں۔