فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فٹبال ورلڈکپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ، یہ الگ بات ہے کہ ٹرمپ اب تک ٹورنامنٹ کا کوئی میچ دیکھنے اسٹیڈیم نہیں پہنچے تاہم فیفا صدر نے تصدیق کی ہے کہ وہ فائنل کے موقع پر موجود ہوں گے۔
ایک انٹرویو میں جیانی انفانٹینو نے کہا کہ وہ اور ٹرمپ مل کر فائنل سے لطف اندوز ہوں گے اور فاتح ٹیم کو ٹرافی بھی پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 11 جون سے امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری ہے جس میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے جن میں سے 78 میچز کی میزبانی امریکا کر رہا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ورلڈکپ ٹاسک فورس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینڈریو جیولیانی کے مطابق صدر ٹرمپ مصروفیات کے باعث ابھی تک کسی میچ میں شرکت نہیں کر سکے تاہم وہ کھیلوں کے بڑے ایونٹس میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
گزشتہ برس کلب ورلڈکپ کی ٹرافی تقسیم کرنے کے دوران بھی ٹرمپ توجہ کا مرکز بنے تھے جب وہ ٹرافی پیش کرنے کے بعد اسٹیج پر ہی موجود رہے جس پر بعض کھلاڑی حیران دکھائی دیے۔