سعودی عرب کے فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار عمرہ زائرین کو خصوصی شاہی مہمان کے طور پر مدعو کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ اقدام خادم الحرمین الشریفین کے ’’حج،عمت عمرہ اور زیارت پروگرام برائے مہمانان‘‘ کے تحت کیا گیا ہے ، اس پروگرام کے ذریعے مختلف ممالک سے منتخب افراد کو سعودی عرب آنے اور عمرہ ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے۔
رواں مرحلے میں 66 ممالک سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار افراد اس اعزاز سے مستفید ہوں گے۔
سعودی وزارتِ اسلامی امور، دعوت و ارشاد کے مطابق اس منصوبے پر 1448 ہجری کے دوران چار مختلف مراحل میں عمل درآمد کیا جائے گا، ابتدائی مرحلے میں ایشیا کے 16 ممالک سے 250 عمرہ زائرین کو سعودی عرب مدعو کیا جائے گا۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق پہلے مرحلے میں شامل ممالک میں انڈونیشیا، مشرقی تیمور، فلپائن، ملائیشیا، کمبوڈیا، تھائی لینڈ، ویتنام، میانمار، لاؤس، سنگاپور، چین، جاپان، جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، تائیوان اور منگولیا شامل ہیں۔
اس موقع پر سعودی وزیرِ اسلامی امور عبداللطیف الشیخ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام سعودی قیادت کے اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے عزم کا واضح اظہار ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس اقدام کا مقصد دنیا بھر کے مسلمانوں کے درمیان بھائی چارے، باہمی روابط اور یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ ان کے مطابق یہ پروگرام علماء، دینی رہنماؤں اور مسلم معاشروں کی نمایاں شخصیات کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
سعودی حکومت کا یہ اقدام مسلم دنیا کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات اور حرمین شریفین کی خدمت کے لیے جاری کوششوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔