ملک بھر میں نئے گیس کنکشنز پر عارضی پابندی،بحران کے باعث اہم فیصلہ

ملک بھر میں نئے گیس کنکشنز پر عارضی پابندی،بحران کے باعث اہم فیصلہ

حکومت نے ملک میں جاری گیس کی شدید قلت کے پیش نظر نئے گیس کنکشنز کے اجرا پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے، اس فیصلے کا مقصد موجودہ دستیاب گیس وسائل کو بہتر انداز میں منظم کرنا اور پہلے سے موجود صارفین کو فراہمی کو یقینی بنانا ہے، نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک درآمدی مائع گیس کی فراہمی میں بہتری نہیں آتی۔

وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اس فیصلے کے بعد سوئی ناردرن گیس کمپنی نے بھی نئے درخواست دہندگان کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جاری کرنا بند کر دیا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ اب فوری یا عام فیس جمع کروانے والے صارفین کو بھی نئے کنکشن فراہم نہیں کیے جائیں گے، جس سے ہزاروں درخواست دہندگان متاثر ہوں گے۔

حکام کے مطابق اس بحران کی بڑی وجہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والی رکاوٹیں ہیں، خاص طور پر آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث مائع گیس بردار جہازوں کی آمد میں تاخیر ہو رہی ہے، اس صورتحال نے ملکی توانائی کے نظام پر دباؤ بڑھا دیا ہے جس کے باعث حکومت کو یہ سخت فیصلہ کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں :گیس لوڈشیڈنگ ختم ؟ حکومت کا بڑا ماسٹر پلان سامنے آگیا

حکام نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی گیس کی فراہمی معمول پر آئے گی نئے کنکشنز کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا جائے گا، تاہم فی الحال ترجیح اس بات کو دی جا رہی ہے کہ موجودہ صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

یاد رہے کہ حالیہ عرصے میں نئے کنکشنز کے حصول کے اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ کیا گیا تھا، ڈیمانڈ نوٹس کی فیس میں کئی گنا اضافہ کیا گیا جبکہ ترجیحی بنیادوں پر کنکشن لینے والوں سے اضافی رقم بھی وصول کی جا رہی تھی، جس پر عوامی سطح پر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

editor

Related Articles