وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا شدید ذہنی دباؤ کا شکار، دو مرتبہ استعفیٰ تحریر کر چکے،اختیار ولی کا دعویٰ

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا شدید ذہنی دباؤ کا شکار، دو مرتبہ استعفیٰ تحریر کر چکے،اختیار ولی کا دعویٰ

وزیراعظم کے مشیر اختیار ولی نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں اور وہ دو مرتبہ استعفیٰ بھی لکھ چکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اختیار ولی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی کام نہ ہونے کے برابر ہیں اور صوبائی حکومت مکمل طور پر ناکامی کا شکار دکھائی دیتی ہے ، وزیراعلیٰ کو ایک طرف اپنی جماعت کے اندر سے دباؤ کا سامنا ہے جبکہ دوسری جانب عوامی سطح پر بھی انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہی وجوہات ہیں کہ وہ ذہنی طور پر پریشان ہیں اور دو بار استعفی ٰ بھی لکھ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام اب حکومتی دعوؤں اور بیانات کی حقیقت کو سمجھ چکے ہیں اور انہیں معلوم ہو گیا ہے کہ زمینی سطح پر کوئی نمایاں بہتری نہیں آئی،اختیار ولی نے وزیراعلیٰ کو مشورہ دیا کہ وہ اسمبلی تحلیل کریں اور عہدہ چھوڑ کر نئے انتخابات کی راہ ہموار کریں تاکہ ایک تازہ عوامی مینڈیٹ سامنے آ سکے جو صوبے کے معاملات بہتر انداز میں چلا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :دروازے بند، کوئی بھی جمہوری قیادت پی ٹی آئی کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار نہیں، اختیار ولی

تعلیمی شعبے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں ہزاروں اسکول ایسے ہیں جہاں بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں، جن میں پینے کے صاف پانی اور بیت الخلا جیسی ضروری سہولتیں شامل ہیں جبکہ کئی علاقوں میں انسان اور جانور ایک ہی جگہ سے پانی پینے پر مجبور ہیں جو حکومتی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔

اختیار ولی نےمزید کہا کہ اگر صوبے میں کوئی چیز فروغ پا رہی ہے تو وہ کرپشن ہے،غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی فنڈز کو عوامی فلاح کے بجائے سیاسی سرگرمیوں پر خرچ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ صوبے کے مالی وسائل کا ایک بڑا حصہ سیاسی جلسوں، ریلیوں اور سماجی ذرائع ابلاغ پر مہمات کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جو عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔

editor

Related Articles