پنجاب بھر کے نجی تعلیمی اداروں نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبہ کے تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے خصوصی تعلیمی کیمپ منعقد کرنے کی اجازت طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اداروں کے منتظمین کا مؤقف ہے کہ حالیہ غیر متوقع تعطیلات کے باعث تعلیمی سرگرمیوں میں خلل آیا، جس کے نتیجے میں طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوئی ہے، اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے گرمیوں کے دوران محدود اوقات میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنا ضروری ہو گیا ہے۔
نجی اداروں کے نمائندگان نےحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں صبح کے اوقات میں کیمپ لگانے کی اجازت دی جائے تاکہ شدید گرمی سے بھی بچاؤ ممکن ہو اور طلبہ کی تعلیم کا تسلسل بھی برقرار رہے،ان کا کہنا ہے کہ صبح سات بجے سے دس بجے تک کلاسز کا انعقاد ایک موزوں حل ہو سکتا ہے، کیونکہ اس وقت درجہ حرارت نسبتاً کم ہوتا ہے اور طلبہ بہتر انداز میں سیکھ سکتے ہیں۔
اداروں کی انتظامیہ نے مزید وضاحت کی کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران غیر اعلانیہ تعطیلات نے نصاب کی تکمیل کو متاثر کیا ہے، اگر اس کمی کو پورا نہ کیا گیا تو طلبہ کو آئندہ جماعتوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے یہ کیمپ نہ صرف تعلیمی خلا کو کم کرنے میں مددگار ہوں گے بلکہ طلبہ کی کارکردگی میں بھی بہتری لائیں گے۔
دوسری جانب محکمہ تعلیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی محدود مدت کے لیے گرمیوں کے کیمپ کی اجازت دی جاتی رہی ہے، تاہم رواں برس اس حوالے سے حتمی فیصلہ اعلیٰ حکام کی منظوری سے مشروط ہوگا۔
اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا موجودہ موسمی حالات میں ایسے اقدامات طلبہ کے لیے موزوں اور محفوظ ہوں گے یا نہیں تاہم اگر مناسب منصوبہ بندی کے ساتھ ان کیمپوں کا انعقاد کیا جائے تو طلبہ کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ سکتا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ طلبہ کی صحت اور آرام کو بھی نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔