فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے فٹبال ورلڈ کپ میں ایرانی ٹیم کی شرکت سے متعلق بڑی پیشکش کرتے ہوئے ایرانی فٹبال فیڈریشن کو اپنے ہیڈکوارٹر زیورخ آنے کی دعوت دے دی ہے، اس اقدام کا مقصد ایران کی شرکت سے جڑے معاملات کو حتمی شکل دینا ہے۔
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق فیفا نے ایرانی حکام کو باضابطہ طور پر 20 مئی تک زیورخ میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے، جہاں ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت، سیکیورٹی صورتحال اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی اس اجلاس کو موجودہ حالات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی حالات کے باعث ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
فیفا اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے متحرک نظر آتی ہے، عالمی فٹبال ادارہ اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ تمام ٹیمیں بغیر کسی رکاوٹ کے ٹورنامنٹ میں شریک ہو سکیں۔
دوسری جانب فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ ایران ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرے گا اور اپنے میچز طے شدہ شیڈول کے مطابق امریکا میں ہی کھیلے گا۔
ان کے اس بیان کے بعد بھی خطے کی صورتحال کے باعث مختلف سوالات برقرار ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے یہ اجلاس اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا، موجودہ حالات کے باعث ایران کی شرکت عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور فیفا کی جانب سے جاری کوششیں اس معاملے کو حل کرنے کی جانب ایک اہم قدم تصور کی جا رہی ہیں۔