فیفا ورلڈ کپ ،برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے ہرا دیا، ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

فیفا ورلڈ کپ ،برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے ہرا دیا، ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی

برازیل نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ سی کے اپنے آخری میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی برازیل نے گروپ میں پہلی پوزیشن بھی اپنے نام کر لی۔

میامی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے 64 ہزار سے زیادہ شائقین موجود تھے، میچ کی خاص بات معروف فٹبالر نیمار کی تقریباً تین سال بعد برازیل کی قومی ٹیم میں واپسی تھی، جس کا مداح بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔

برازیل نے کھیل کے آغاز سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ برقرار رکھا ، ساتویں منٹ میں وینیسیئس جونیئر نے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

یہ گول اس وقت ممکن ہوا جب اسکاٹ لینڈ کے مدافع اسکاٹ میک کینا کی غلطی سے گیند برازیل کے قبضے میں آئی اور رایان کے پاس کے بعد وینیسیئس نے گول کیپر اینگس گن کو مات دیتے ہوئے گیند جال میں پہنچا دی۔

پہلے ہاف میں وینیسیئس نے ایک اور گول بھی کیا، لیکن وی اے آر کے جائزے کے بعد اسے فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، اس کے باوجود برازیل نے جارحانہ انداز برقرار رکھا جبکہ اسکاٹ لینڈ مؤثر جوابی حملے نہ کر سکا۔

یہ بھی پڑھیں : فیفا ورلڈکپ 2026 : فائنل میں ڈونلڈ ٹرمپ کی شرکت کی تصدیق، فاتح ٹیم کو ٹرافی دینگے

ہاف ٹائم سے کچھ دیر پہلے برونو گیمارائش کے شاندار کراس پر وینیسیئس نے ہیڈر کے ذریعے دوسرا گول کر دیا ، یہ ٹورنامنٹ میں ان کا چوتھا گول تھا، جس کے بعد وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں نمایاں امیدوار بن گئے ہیں۔

دوسرے ہاف میں بھی برازیل کی برتری قائم رہی اور میتھیوس کونیا نے ایک بہترین ٹیم موو کو مکمل کرتے ہوئے تیسرا گول اسکور کیا،  اس موقع پر بھی برونو گیمارائش نے اہم کردار ادا کیا اور میچ میں اپنی دوسری اسسٹ اپنے نام کی۔

مقابلے کا سب سے یادگار لمحہ اس وقت آیا جب کوچ کارلو اینچیلوتی نے نیمار کو میدان میں اتارا،  اکتوبر 2023 کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب نیمار نے برازیل کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی،  ان کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود شائقین نے کھڑے ہو کر بھرپور استقبال کیا۔

اسکاٹ لینڈ پورے میچ کے دوران برازیل کے دفاع کو زیادہ پریشان نہ کر سکا،  دوسری جانب برازیل کے گول کیپر الیسن بیکر نے چند اہم مواقع پر شاندار بچاؤ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا کلین شیٹ برقرار رکھا۔

گروپ سی کے دوسرے میچ میں مراکش نے ہیٹی کو شکست دی، جس کے نتیجے میں مراکش دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا جبکہ برازیل سات پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست رہا۔

اس فتح نے ایک بار پھر ظاہر کر دیا کہ برازیل ورلڈ کپ جیتنے کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہے ،  ساتھ ہی نیمار کی واپسی نے ٹیم اور اس کے مداحوں کے اعتماد میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

editor

Related Articles