پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے والے آئی فون صارفین کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ ایپل نے فی الحال پاکستان میں اپنے آئی فونز پر5جی(5G) سروس فعال کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام حکام کو ایپل کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کمپنی 2027 میں پاکستانی مارکیٹ کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد ہی 5جی(5G) سپورٹ فراہم کرنے پر غور کرے گی۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں درآمدی اسمارٹ فونز، خاص طور پر آئی فونز پر عائد بھاری ٹیکسز نے ایپل کی مارکیٹ کو شدید متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے کمپنی یہاں نئی سروسز متعارف کرانے میں دلچسپی نہیں لے رہی۔
دوسری جانب سام سنگ کے متعدد اسمارٹ فونز پر5جی (5G)سروس پہلے ہی دستیاب ہے، جبکہ مقامی ٹیلی کام کمپنیاں بھی نئی ٹیکنالوجی کے آغاز کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔حکومت پاکستان رواں سال 507 ملین ڈالر مالیت کی5جی(5G) اسپیکٹرم نیلامی مکمل کر چکی ہے، جس کا مقصد ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروسز فراہم کرنا ہے۔
ٹیلی کام حکام کا کہنا ہے کہ کئی آپریٹرز نے 5جی(5G) آلات کے آرڈرز دے دیے ہیں اور چند علاقوں میں آزمائشی سروسز بھی شروع کی جا چکی ہیں، تاہم آئی فون صارفین کو اس سہولت کے لیے ابھی مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔