پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکارکنزاہاشمی اور علی رضا نے پہلی بار اپنے تعلق سے متعلق دلچسپ حقیقت مداحوں کے ساتھ شیئر کر دی۔
دونوں اداکار اس وقت لیڈر میں اپنی شاندار اداکاری کی وجہ سے خوب تعریفیں سمیٹ رہے ہیں، جبکہ مختلف تقریبات میں بھی انہیں اکثر ایک ساتھ دیکھا جاتا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کے تعلق سے متعلق قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں۔
حال ہی میں فوشیا میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں کِنزا ہاشمی نے انکشاف کیا کہ ابتدا میں ان دونوں کے درمیان دوستی نہیں بلکہ ’دشمنی‘ تھی۔کِنزا کے مطابق پہلی ملاقات ایک کمرشل شوٹ کے دوران ہوئی جہاں علی رضا سب سے باتیں کر رہے تھے لیکن انہوں نے کِنزا کو مکمل نظر انداز کر دیا، جس پر اداکارہ نے انہیں ’’اوور اسمارٹ‘‘ سمجھ لیا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ اگلے دن وہ ایک ٹرینڈ بنانے کی پلاننگ کر رہی تھیں لیکن علی رضا نے ان سے پہلے وہی آئیڈیا استعمال کر کے ویڈیو پوسٹ کر دی، جس کے بعد غلط فہمیاں مزید بڑھ گئیں۔
دوسری جانب علی رضا نے بتایا کہ ان کے درمیان کئی غلط فہمیاں پروڈکشن ٹیم کی باتوں کی وجہ سے پیدا ہوئیں۔ بعد میں دونوں کی ملاقات ایئرپورٹ پر ہوئی جہاں انہوں نے بیٹھ کر تمام غلط فہمیاں دور کیں۔علی رضا کے مطابق اسی ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان اچھی دوستی ہوگئی اور پھر ڈرامے سے پہلے ہی ان کے تعلقات خوشگوار ہو چکے تھے۔