راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، سیاسی رہنما اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر اسٹیڈیم کا ماحول قومی جذبے اور حب الوطنی کے نعروں سے گونج اٹھا۔
تقریب کے دوران شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ ایک میوزک کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے شرکاء کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیا، شہریوں نے پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے لگائے اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی تاریخ میں ایسی مثال کم ہی ملتی ہے جہاں ایک قوم نے اپنی افواج کے ساتھ مل کر سیسہ پلائی دیوار کی طرح دشمن کا مقابلہ کیا ہو،انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں پاکستان کو اللہ تعالیٰ کی خاص مدد حاصل ہوئی جس کے نتیجے میں دشمن کے جدید لڑاکا طیارے ناکامی سے دوچار ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن کی جارحیت کے جواب میں پاک افواج نے بھرپور حکمت عملی کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا لوہا منوایا،ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج ہر وقت کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار رہتی ہیں اور قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بھی افواجِ پاکستان نے ثابت کیا کہ وہ ہر قسم کے حالات میں دفاع وطن کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں، انہوں نے کہا کہ دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر جواب دیا گیا اور پاکستان نے اپنی دفاعی طاقت کا واضح ثبوت دیا۔
تقریب کے شرکاء نے فیلڈ مارشل سمیت تمام مسلح افواج کو ان کی جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم ہمیشہ اپنی افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔