مریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا فیفا ورلڈکپ 2026 صرف عالمی چیمپئن کے تعین تک محدود نہیں رہے گا بلکہ یہ ٹورنامنٹ فٹبال کی تاریخ کے کئی عظیم ریکارڈز کا بھی فیصلہ کرے گا۔ دنیا بھر کے شائقین کی نظریں خاص طور پر دو لیجنڈری ستاروں، رونالڈو اور میسی پر مرکوز ہیں، جو ممکنہ طور پر اپنے کیریئر کا چھٹا ورلڈکپ کھیل کر ایک نئی تاریخ رقم کرسکتے ہیں۔
اگر میسی اور رونالڈو میدان میں اترتے ہیں تو وہ ورلڈکپ کی تاریخ میں چھ مختلف ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔ میسی پہلے ہی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ میچز کھیلنے، سب سے زیادہ منٹس میدان میں گزارنے اور بطور کپتان سب سے زیادہ مقابلوں میں شرکت کے ریکارڈ اپنے نام کرچکے ہیں جبکہ رونالڈو کے پاس چھ مختلف ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا سنہری موقع موجود ہے۔
گولز کے ریکارڈ کی دوڑ میں بھی دلچسپ مقابلہ متوقع ہے۔ جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے 16 ورلڈکپ گولز کا تاریخی ریکارڈ خطرے میں دکھائی دیتا ہے۔ میسی اور فرانس کے سپر اسٹار کائلیان ایمباپے اس سنگ میل کے قریب پہنچنے والے نمایاں امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔ ایمباپے ایک اور منفرد اعزاز بھی حاصل کرسکتے ہیں ؛ اگر وہ مسلسل تیسرے ورلڈکپ فائنل میں گول کرنے میں کامیاب رہے تو یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن جائیں گے۔
ٹیموں کی سطح پر دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کے پاس مسلسل دوسرا عالمی ٹائٹل جیت کر تاریخ کے عظیم ترین کارناموں میں شامل ہونے کا موقع ہے۔ دوسری جانب برازیل چھٹا عالمی کپ جیت کر اپنے ریکارڈ کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے، جبکہ فرانس مسلسل تیسری مرتبہ فائنل تک رسائی حاصل کرکے نئی تاریخ رقم کرنے کی کوشش کرے گا۔
اد ھر جرمنی نویں بار ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا ریکارڈ بنا سکتا ہے، جبکہ انگلینڈ اور یوراگوئے کئی دہائیوں کے انتظار کے بعد ایک بار پھر عالمی تاج اپنے سر سجانے کے خواب کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 1998 میں فرانس کی کامیابی کے بعد کوئی میزبان ملک ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکا۔ اب نظریں میزبان ممالک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا پر ہیں کہ آیا وہ اپنے ہی میدانوں میں اس طویل روایت کو توڑ پاتے ہیں یا نہیں۔ ورلڈکپ 2026 نہ صرف ایک نئے عالمی چیمپئن کا تعین کرے گا بلکہ فٹبال تاریخ کی کئی یادگار داستانیں بھی رقم کرسکتا ہے۔

