دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں شامل انسٹاگرام نے جعلی اور غیر فعال اکاؤنٹس کے خلاف اب تک کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیے۔
میٹا کے مطابق یہ مہم پلیٹ فارم کو بوٹس، اسپام اور دھوکا دہی پر مبنی اکاؤنٹس سے پاک کرنے کے لیے شروع کی گئی، جس کے بعد کئی مشہور شخصیات اور بڑے برینڈز کے فالوورز کی تعداد میں اچانک نمایاں کمی دیکھی گئی۔
اس کارروائی سے سب سے زیادہ متاثر امریکی سوشل میڈیا اسٹار کیل جینرہوئیں، جن کے تقریباً 14 ملین فالوورز ایک ہی رات میں کم ہوگئے۔سوشل میڈیا صارفین اس اچانک تبدیلی پر حیران ہیں جبکہ کئی لوگ اسے انسٹاگرام کی ’فیک فالوور کلین اپ‘ مہم قرار دے رہے ہیں۔
میٹا کے ترجمان کے مطابق یہ عمل انسٹاگرام کے معمول کے سسٹم کا حصہ ہے، جس کے تحت وقتاً فوقتاً مشکوک، غیر فعال یا خودکار اکاؤنٹس کو ہٹایا جاتا ہے تاکہ پلیٹ فارم کو حقیقی صارفین کے لیے محفوظ اور بہتر بنایا جا سکے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ فعال اور اصل صارفین کو اس کارروائی سے متاثر نہیں ہونا چاہیے، جبکہ غلطی سے معطل ہونے والے تصدیق شدہ اکاؤنٹس بعد میں بحال بھی کیے جا سکتے ہیں۔