نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق وقفے وقفے سے متوقع بارشوں اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ، چٹانوں کے سرکنے اور ملبے کے بہاؤ کے واقعات کا امکان ہے، جس کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم جگلوٹ سکردو روڈ سمیت متعدد اہم رابطہ سڑکیں عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں۔
ترجمان کے مطابق موسلادھار بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلاؤ کے دوران یا فوری بعد لینڈ سلائیڈ کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے لہٰذا پہاڑی ندی نالوں، گلیشیائی علاقوں اور ڈھلوانی راستوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت حفاظتی اقدامات اور ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کے لیے ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہےجبکہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اداروں کو ضروری مشینری، وسائل اور عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث رابطہ سڑکیں، بجلی کا نظام اور مواصلاتی رابطے عارضی طور پر متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے شہری سفر کے دوران ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے جبکہ دریاؤں، گلیشیائی جھیلوں اور مجموعی موسمی حالات پر بھی کڑی نظر رکھی جا رہی ہے ۔