یورپ جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر سامنے آگئی ، ہنگری نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے تین ممالک کے شہریوں کو ورک ویزے جاری نہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد ہزاروں افراد کے بیرون ملک ملازمت کے خواب متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رپورٹ کے مطابق ترجمان ہنگری حکومت وانڈا سونڈی نے بتایا کہ جمعے سے فلپائن، جارجیا اور آرمینیا کے شہریوں کو ورک ویزے کا اجرا بند کر دیا جائے گا، یہ گیسٹ ورکرز کی آمد کو ریگولیٹ کرنے کی طرف پہلا قدم ہے۔
انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ حکومت گیسٹ ورکرز کیلیے روزگار کے مواقع کو سخت کرے گی کیونکہ ان کے بقول یہ خدشات موجود ہیں کہ ان کارکنوں کی وجہ سے مقامی لوگوں کی تنخواہوں میں کمی آ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہنگری کی ورک فورس میں غیر ملکی کارکنوں کا حصہ صرف 2 فیصد ہے لیکن کچھ شعبے، جیسے کہ سروسز اور مینوفیکچرنگ، غیر ملکی کارکنوں پر بہت زیادہ انحصار کرتے ہیں۔
حکومت اس حکم نامے میں تبدیلی کرے گی جس کے تحت مین پاور کمپنیوں کو فلپائن، جارجیا اور آرمینیا سے ایک آسان طریقہ کار کے ذریعے کارکن بلانے کی اجازت تھی، یہ تبدیلی جمعہ سے نافذ العمل ہوگی۔
جو ملازمین پہلے سے وہاں موجود ہیں وہ اب بھی اپنے ویزے کی توسیع کیلیے درخواست دے سکتے ہیں جبکہ پہلے سے جمع کروائی گئی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ہنگری کے کچھ بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ گیسٹ ورکرز کی آمد پر مکمل پابندی سے کمپنیوں اور مجموعی معیشت کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔