پاکستان کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال آج کل اپنی شادی اور لیگی رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف قانونی کارروائی کے باعث خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ حال ہی میں حمزہ حبیب کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئی ہیں اور اس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی ہیں تاہم اب مومنہ اقبال کی بہن اور قانونی وکیل رمشا اقبال نے ایک انٹرویو میں شادی کی تقریبات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کی ہے۔
رمشا اقبال کے مطابق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ درج ہونا ہمارے لیے اطمینان کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی صرف اس لیے ممکن ہوسکی کیونکہ ہمارے پاس واقعات کے حقیقی اور بروقت شواہد موجود تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ثاقب چدھڑ کے پاس مومنہ اقبال کی کوئی نجی ویڈیوز موجود نہیں ہیں، وہ دراصل مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے جعلی ویڈیوز بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔
رمشا اقبال نے شادی کی تقریبات کے حوالے سے بھی واضح کیا کہ اب تک ہونے والی تمام تقریبات صرف نکاح کی خوشی منانے کے لیے تھیں، مومنہ اقبال کی رخصتی نومبر یا دسمبر میں متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جاری قانونی مقدمے کی وجہ سے مومنہ ذہنی دباؤ کا شکار تھیں، اسی لیے خاندان نے نکاح کی خوشی منانے کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا، تاہم ان کی رخصتی ابھی باقی ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ مومنہ اقبال نے چند روز قبل رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی میں شکایت درج کروائی تھی جس کے بعد رکن صوبائی اسمبلی ثاقب چدھڑ کے خلاف مقدمہ پیکا ایکٹ کے تحت درج کرلیا گیا ۔