سلہٹ ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک پاکستان نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے اور قومی ٹیم کو فتح کے لیے مزید 121 رنز درکار ہیں جبکہ بنگلا دیش کو کامیابی کے لیے صرف 3 وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی۔
پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جبکہ ساجد خان 8 رنز بنا کر ان کا ساتھ دے رہے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں نے آخری سیشن میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھی ہیں۔
437 رنز کے مشکل ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور 27 رنز پر پہلی وکٹ گر گئی جب عبداللہ فضل 6 رنز بنا کر ناہید رانا کا شکار بنے۔ اس کے بعد اذان اویس بھی 21 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی نقصان کے بعد کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے ٹیم کو سہارا دیا اور اہم شراکت قائم کی۔ بابر اعظم 47 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر آؤٹ ہوئے جبکہ شان مسعود نے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
اس سے قبل بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 278 رنز بنائے تھے جبکہ پاکستان کی پوری ٹیم 232 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی یوں میزبان ٹیم کو 46 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ بعد ازاں بنگلا دیش نے دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے 437 رنز کا بڑا ہدف دیا۔