’فیفا ڈسپلنری کوڈ کے آرٹیکل 27 کے تحت بالوگن کی ایک میچ کی معطلی پر عمل درآمد کو ایک سال کے آزمائشی (پروبیشن) عرصے کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔‘فیفا نے اپنے اعلامیے میں واضح کیا کہ اس معطلی کے بعد اب بالوگن بیلجیئم کے خلاف شیڈول اہم ترین میچ میں امریکی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسٹار فٹبالر فولارین بالوگن پر عائد ایک میچ کی پابندی معطل کرنے پر فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی ’فیفا‘ کا شکریہ ادا کیا ہے، جس کے بعد وہ فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں بیلجیئم کے خلاف میدان میں اترنے کے اہل ہو گئے ہیں۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ‘فیفا کا شکریہ کہ اس نے درست فیصلہ کیا اور ایک بڑی ناانصافی کا ازالہ کیا۔’
یاد رہے کہ فولارین بالوگن رواں ٹورنامنٹ میں امریکی ٹیم کی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں اور ان کی واپسی کو ٹیم کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی فارورڈ فولارین بالوگن کو بوسنیا و ہرزیگووینا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں براہِ راست ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا جہاں امریکا نے 0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
میچ کے دوران بوسنیا کے مدافع طارق محاریمووچ کے پاؤں پر قدم رکھنے کی وجہ سے انہیں ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث وہ پیر کو ہونے والے اہم ناک آؤٹ میچ سے باہر ہو گئے تھے۔ اس سزا کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے بھی سزا کی منسوخی کا پرزور مطالبہ کیا تھا۔