صدر مملکت آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس طلب کرنے کی منظوری دے دی ہے، جن میں آئندہ مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 5 جون بروز جمعہ شام 5 بجے جبکہ سینیٹ کا اجلاس اسی روز شام 6 بجے منعقد ہوگا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرے گی جس پر بعد ازاں ایوان میں بحث اور منظوری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاسوں کا باقاعدہ ایجنڈا آئندہ چند روز میں جاری کر دیا جائے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران حکومتی مالیاتی پالیسی، محصولات کے اہداف، ترقیاتی منصوبوں اور مختلف شعبوں کے لیے مختص فنڈز کی تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی جاری رہا ہے اور بیشتر اہم معاملات پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ بجٹ میں معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور عوامی فلاح سے متعلق اقدامات شامل ہوں گے۔
وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے اور پنشنرز کے لیے بھی مختلف تجاویز تیار کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے پر غور کیا جا رہا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات میں کچھ حد تک کمی لائی جا سکے۔
وزیراعظم کے مشیر اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے سمیت وسیع پیمانے پر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اور معاشی بہتری کے ثمرات عام شہری تک پہنچائے جائیں۔