امریکی پاپ اسٹار اور اداکارہ آریانا گرانڈے نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی موسیقی کو حکومتی پالیسیوں کی تشہیر کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
یہ تنازع اس وقت سامنے آیا جب وائٹ ہاؤس نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں امیگریشن پالیسی کے تحت کارروائیاں دکھائی گئی تھیں۔ ویڈیو میں تارکین وطن کی گرفتاری اور ہتھکڑیاں لگانے کے مناظر شامل تھے جبکہ پس منظر میں آریانا گرانڈے کا 2024 کا مقبول گانا’’Bye‘‘ چل رہا تھا۔
ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے آریانا گرانڈے نے تبصرہ کیا کہ ان کی موسیقی کو “وحشیانہ، غیر انسانی اور گھناؤنے اقدامات” کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔ گلوکارہ نے واضح کیا کہ وہ اپنی موسیقی کو ایسے سیاسی پیغامات سے جوڑنے کی مخالفت کرتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آریانا گرانڈے کی قانونی ٹیم اس معاملے کا جائزہ لے رہی ہے اور ویڈیو سے گانے کے استعمال کو ہٹانے کے لیے ممکنہ قانونی اقدامات پر غور کر رہی ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی ترجمان ایبی گیل جیکسن نے گلوکارہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی ترجیح امریکی شہریوں کا تحفظ اور قانون کا نفاذ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی طور پر ملک میں داخل ہونے والے مجرم عناصر ہی اصل مسئلہ ہیں جنہوں نے امریکی شہریوں کو نقصان پہنچایا۔
وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ امیگریشن پالیسیوں کا مقصد قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، جبکہ ناقدین ان اقدامات کو انسانی حقوق کے حوالے سے متنازع قرار دیتے ہیں۔
آریانا گرانڈے ماضی میں بھی ٹرمپ انتظامیہ اور امیگریشن نافذ کرنے والے ادارےآئی سی ای(ICE )کی پالیسیوں پر تنقید کرتی رہی ہیں۔ رواں سال گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب میں بھی انہوں نے امیگریشن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی پیغام والا پن پہن رکھا تھا۔
گزشتہ برس انہوں نے سوشل میڈیا پر ٹرمپ کے حامیوں سے سوال کیا تھا کہ صدر کی واپسی کے بعد ان کی زندگیوں میں کیا مثبت تبدیلی آئی ہے۔واضح رہے کہ آریانا گرانڈے پہلی فنکار نہیں ہیں جنہوں نے اپنی موسیقی کے سیاسی استعمال پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل اولیویا روڈریگو، بلی آئیلش اور سبرینا کارپینٹر سمیت کئی معروف فنکار بھی ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسیوں پر تنقید کر چکے ہیں۔
بعد ازاں وائٹ ہاؤس کی متنازع ویڈیو سے آریانا گرانڈے کا تبصرہ ہٹا دیا گیا جبکہ ویڈیو کی آواز بھی بند کر دی گئی۔ گلوکارہ نے اس حوالے سے اپنے تبصرے کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں۔