وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ آج پیش آنے والا معاملہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ہوا اگر اسد قیصر کو روکنا مقصود ہوتا تو اس کے لیے اور بھی بہت طریقے موجود تھے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت نہیں چاہتی کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پر کوئی سوال اٹھے، کیونکہ اس وقت گلگت میں مسلم لیگ ن آگے جا رہی ہے اور آسانی سے اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی میں بین الاقوامی ٹیم موجود ہے، جس کی وجہ سے راولپنڈی اور اسلام آباد دونوں شہروں میں ہائی الرٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں اس وقت ساڑھے 7 ہزار اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں جبکہ اسلام آباد میں بھی پولیس کے علاوہ اتنی ہی تعداد میں اہلکار تعینات ہیں۔ ان کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے باعث یہ معاملہ پیش آیا اور حکومت کا مقصد کسی کو روکنا نہیں تھا۔
طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اگر کسی شخص کو جہاز میں سفر سے روکنا مقصود ہو تو اس کے لیے دیگر طریقے بھی اختیار کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف خبروں میں آنے کے لیے اس نوعیت کے الزامات لگا رہی ہے کیونکہ گزشتہ 7 دنوں کے دوران وہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں کوئی خاص اثر نہیں ڈال سکے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ممکنہ انتخابی شکست کے حوالے سے پہلے سے بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔