عمران خان کی رہائی یا نئی حکمت عملی؟ پی ٹی آئی کا اہم اجلاس آج

عمران خان کی رہائی یا نئی حکمت عملی؟ پی ٹی آئی کا اہم اجلاس آج

پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے جس میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے جاری کوششوں اور صوبائی حکومت کی کارکردگی سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی کو شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے ناراض اراکین کی شرکت بھی متوقع ہے جس کے باعث بعض اہم معاملات پر کھل کر بحث ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے اب تک اختیار کی گئی سیاسی اور قانونی حکمت عملی بھی اجلاس کا اہم ایجنڈا ہوگی۔ بعض اراکین اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کر سکتے ہیں اور گزشتہ کئی ماہ کے دوران اختیار کی گئی پالیسیوں کے نتائج پر سوالات اٹھا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کچھ اراکین کی جانب سے یہ مؤقف بھی سامنے آسکتا ہے کہ رہائی کی کوششوں کے لیے مزید مؤثر اور واضح حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم کے حکم پر بڑا کریک ڈاون، سیاسی خاندانوں کی فیکڑیاں سیل کر دی گئیں

اجلاس میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل بھی زیر بحث آئیں گے۔ ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ کو اپنے تحفظات اور تجاویز سے آگاہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں کابینہ میں شامل بعض شخصیات کے حوالے سے بھی اعتراضات اور تحفظات سامنے آئے تھے۔ امکان ہے کہ آج کے اجلاس میں بھی کابینہ کی تشکیل اور بعض حالیہ سیاسی فیصلوں پر اراکین اپنی آراء پیش کریں گے۔

 آج کا اجلاس پارٹی کے اندرونی ماحول اور آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے تعین کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہوگا جبکہ اجلاس کے فیصلوں پر پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا انحصار بھی ہو سکتا ہے۔

editor

Related Articles