کالعدم ایکشن کمیٹی بھارت کی زبان بولنے لگی ، قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، مقدمہ درج

کالعدم ایکشن کمیٹی بھارت کی زبان بولنے لگی ، قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی، مقدمہ درج

آزاد کشمیر حکومت نے کالعدم  جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے کور رکن خواجہ مہران ارشد کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق  انہوں نے ایک احتجاجی جلسے کے دوران  بھارتی ایجنڈے پر  قومی اداروں اور بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف بیانات دیے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق راولاکوٹ میں منعقدہ ایک احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کالعدم ایکشن کمیٹی کے رکن خواجہ مہران نے قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور عوامی حقوق کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ریاست مخالف بیانیہ اختیار کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ مہران نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے اور قومی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا، جس کے بعد آزاد کشمیر حکومت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کر لیا۔

یاد رہے کہ جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون سے ریاست بھر میں احتجاجی ہڑتال، مظفرآباد کی جانب لانگ مارچ اور اسمبلی کے گھیراؤ کی کال دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششیں، سعودی عرب کا ایک مرتبہ پھر حمایت کا اعادہ

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت اور محکمہ داخلہ نے اپنے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

اس کے بعد سوتھانہ پولیس اسٹیشن، سول سیکرٹریٹ مظفرآباد میں سوشل میڈیا پر سامنے آنے والے مواد کی جانچ پڑتال کے بعد کالعدم کمیٹی کے کور رکن خواجہ مہران ارشد ولد خواجہ ارشد، ساکن ڈڈیال، کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خواجہ مہران نے 14 جون کو دریک، راولاکوٹ میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کے دوران ریاستی اداروں، سرکاری ملازمین اور بالخصوص افواج پاکستان کے خلاف بیانات دیے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ خواجہ مہران ارشد نے ریاست جموں و کشمیر کے ملازمین کے خلاف بھی نازیبا زبان استعمال کی اور لوگوں کو ریاست کے خلاف بغاوت پر اکسانے کی کوشش کی۔

یہ بھی پڑھیں:صدر مسعود پزشکیان نے امریکی صدر ٹرمپ کی دستخط شدہ ’اسلام آباد مفاہمتی یادداشت‘ کی کاپی میڈیا پر شیئر کردی

آزاد کشمیر حکومت نے اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے خواجہ مہران کے خلاف تعزیرات کی دفعہ 124 اے کے تحت کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے، جس کے بعد آزاد کشمیر پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Related Articles