سعودی عرب نے خطے میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین سے فوری طور پر تحمل کا مظاہرہ کرنے، تصادم سے گریز کرنے اور کشیدگی کم کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کا مؤثر حل صرف سفارتی ذرائع اور مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزات خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (Twitter) پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خطے میں جاری کشیدہ صورتحال نہ صرف مقامی سطح بلکہ عالمی سطح پر بھی عدم استحکام کا باعث بن سکتی ہے جس کے باعث فوری اور سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جاری ثالثی اور سفارتی کوششیں قابلِ تحسین ہیں اور سعودی عرب ان اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے کیونکہ ان کا مقصد ایک ایسا سیاسی حل تلاش کرنا ہے جو خطے کو مزید کشیدگی، عدم استحکام اور سیکیورٹی خطرات سے محفوظ رکھ سکے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات کسی بھی طور پر خطے اور دنیا کے مفاد میں نہیں اس لیے تمام متعلقہ فریقین کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کو ترجیح دینی چاہیے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔