وزیر اعظم شہباز شریف کا کفایت شعاری مہم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

وزیر اعظم شہباز شریف کا کفایت شعاری مہم کے حوالے سے بڑا فیصلہ

وزیراعظم نے حکومتی اخراجات میں کمی اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے کفایت شعاری اقدامات میں 30 جون تک توسیع کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ خصوصی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے اور غیر ضروری اخراجات پر قابو رکھا جا سکے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری گاڑیوں میں ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی کے فیصلے میں 30 جون تک توسیع کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ رکھنے کے احکامات بھی بدستور برقرار رہیں گے۔ حکومت نے سرکاری افسران اور اعلیٰ حکام کے غیر ملکی دوروں پر عائد پابندی کو بھی 30 جون تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد سرکاری خزانے پر اضافی بوجھ کم کرنا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت کا بڑا فیصلہ، کفایت شعاری مہم کے تحت وزرا کے پیٹرول کوٹے میں نمایاں کمی

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے عوام کے لیے ایک اہم خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہِ راست اور فوری طور پر عوام تک پہنچانے کے لیے ایک نیا اور شفاف طریقہ کار وضع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اس حوالے سے جامع فارمولے پر کام کر رہی ہے تاکہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام کو جلد از جلد منتقل کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی مشترکہ سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی معاہدے کی جانب پیش رفت اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آنا شروع ہو گئی ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں :حکومت نے کفایت شعاری مہم میں توسیع کر دی،سرکاری اداروں کو نیا حکم جاری

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے امکانات پیدا ہوں گے جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ عوامی ریلیف اور مالی استحکام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

editor

Related Articles