ہم اسرائیل کو لبنان پر حملے سے روکنے کی کوشش کریں گے، جے ڈی وینس

ہم اسرائیل کو لبنان پر حملے سے روکنے کی کوشش کریں گے، جے ڈی وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ہم اسرائیل کو لبنان پر حملہ کرنے سے روکنے کیلئے کام کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس بھی ایران سے مذاکرات کے لیے سوئٹزر لینڈ روانہ ہوگئے ، روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ لبنان تنازع کی شدت میں کچھ کمی ہوئی ہے ، سوئٹزر لینڈ میں ایک یا دو روز تک میرا قیام ہوگا، امید ہے ایران کے ایٹمی معاملے پر کچھ پیشرفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی پر تشویش برقرار ہے کیونکہ بعض رپورٹس میں یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اسرائیلی حکومت اس معاہدے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتی ہے۔

نائب امریکی صدر نے مزید کہا کہ مذاکرات میں دیگر اہم امور بھی زیر غور آئیں گے، جن میں ایران پر عائد طویل عرصے سے پابندیاں اور امریکی تجویز کے تحت ایران کی معیشت کی بحالی کے امکانات شامل ہیں۔

قبل ازیں امریکی ٹی وی سے انٹرویو میں امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ بند کرنے کے شواہد نہیں ملے، ایرانی اعلان کے باوجود آبنائے ہرمز کھلا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایران امریکا مذاکرات میں پاکستان کا مثبت کردار، وزیرِاعظم، فیلڈ مارشل کو بہت زیادہ کریڈٹ دینا چاہتا ہوں، جے ڈی وینس

انہوں نے مزید کہا کہ سٹیووٹکوف اور جیرڈ کشنر ایران امریکہ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں، یقین ہے ہم جنگ بندی برقرار رکھ سکتے ہیں، ایران کے ساتھ مذاکرات کو ایک موقع دیں گے۔

واضح رہے کہ بدھ کو امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد آج بروز اتوار بتاریخ 21 جون کو سوئٹزرلینڈ میں مذاکرات کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا جس میں پاکستانی وزیراعظم بھی شریک ہونگے۔

ایرانی وفد باقر قالیباف اور عباس عراقچی کی قیادت میں شریک ہوگا ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی کے مطابق ایرانی وفد امریکا سے لبنان پر اسرائیلی حملے رُکوانے کا مطالبہ کرے گا۔

editor

Related Articles