پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی ٹی20 کرکٹ میں شمولیت سے متعلق اہم بیان سامنے آیا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید نے بابر اعظم کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بابر آخری ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، تاہم آئندہ ٹیم میں ان کی شمولیت کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ سلیکشن کے وقت کون سے بہترین آپشنز دستیاب ہیں۔
عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے مشکل فیصلے کرنا ضروری ہوتے ہیں، اگر نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع نہیں دیے جائیں گے تو نئی صلاحیتیں سامنے نہیں آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ فیصلے کرتے وقت خوف یا دباؤ کو حاوی نہیں ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :پچ بیٹنگ کیلئے اچھی تھی مگر پارنٹر شپ نہیں بنا سکے، بیٹنگ یونٹ کو ذمہ داری لینا پڑے گی ، بابر اعظم
پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس نے مزید کہا کہ مستقبل میں یہ دیکھا جائے گا کہ انتظامیہ نے پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے کیا اقدامات کیے ، یہ بھی یاد رکھا جائے گا کہ آیا میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے گئے یا پھر مخصوص کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع دینے کی پالیسی اپنائی گئی۔
بابر اعظم کے مستقبل اور قومی ٹی20 ٹیم کی حکمت عملی سے متعلق شائقین کرکٹ بھی آنے والے سلیکشن فیصلوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔