محرم الحرام: سیکیورٹی خدشات کی وجہ موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہو گئی

محرم الحرام:  سیکیورٹی خدشات کی وجہ موبائل فون سروس بند ہونا شروع  ہو گئی

کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کے موقع پر موبائل فون سروس بند ہونا شروع ہو گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ساتویں محرم الحرام کو موبائل فون سروس معطل کی جا رہی ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے جامع سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جس کے تحت صوبے کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق بعض حساس اضلاع اور علاقوں میں موبائل فون سروس مکمل طور پر بند کی جائے گی، جبکہ دیگر مقامات پر جزوی پابندیاں عائد ہوں گی، اس اقدام کا مقصد مذہبی جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکنا اور مجموعی امن و امان کو برقرار رکھنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد میں محرم الحرام سے متعلق پہلی بار ایپ متعارف

حکام نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر400 امام بارگاہوں کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، اسی طرح286جلوسوں کو انتہائی حساس جبکہ190 جلوسوں کو حساس کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جن کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

پشاور میں 9 محرم کو مرکزی جلوس کے دوران موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی، جبکہ کنٹونمنٹ کے علاقوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا، 10 محرم کو شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت سیکیورٹی چوکیاں قائم کی جائیں گی اور خصوصی حفاظتی حصار بھی بنایا جائے گا۔

جلوسوں اور امام بارگاہوں کے اطراف واک تھرو گیٹس نصب کیے جائیں گے، جبکہ نگرانی کے لیے جدید کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن بھی کریں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو بروقت روکا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں :بیرون ملک روزگار، حکومت کا نوجوانوں کیلئے بڑا اعلان

صوبائی حکومت نے عاشورہ کے موقع پر سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کے لیے سول سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے، جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں بھی مانیٹرنگ اور رابطہ مراکز فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا سکے۔

Related Articles