درآمدی موبائل فونز سستے ہونے کا امکان، ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ

درآمدی موبائل فونز سستے ہونے کا امکان، ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں درآمدی موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد ملک میں درآمد ہونے والے مہنگے اور جدید موبائل فونز کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق حکومتی فیصلے کے نتیجے میں مختلف اقسام کے درآمدی موبائل فونز کی قیمتوں میں تقریباً 10 ہزار سے 14 ہزار روپے تک کمی آ سکتی ہے، جس سے صارفین کو براہ راست مالی ریلیف ملنے کی امید ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین وفاقی ادارۂ محصولات راشد محمود لنگڑیال نے بتایا کہ درآمدی موبائل فونز پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگی ، اس اقدام سے مہنگے درآمدی موبائل فونز کی فی ڈیوائس قیمت میں تقریباً 14 ہزار روپے تک کمی متوقع ہے۔

انہوں نے فنانس بل 2026 کے حوالے سے بتایا کہ موجودہ ٹیکس نظام حکومتی آمدن اور محصولات کے اہداف کے لیے مؤثر ثابت ہو رہا ہے، اس لیے ٹیکس شرحوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی ضرورت نہیں ،مہنگے موبائل فونز پر مزید رعایت دینے سے زیادہ فائدہ خوشحال طبقے کو ہوگا جبکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :آئندہ مالی سال کے بجٹ میں موبائل فونز اور دیگر شعبوں پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز

چیئرمین وفاقی ادارۂ محصولات نے تجویز دی کہ اگر مزید ریلیف دیا جائے تو اسے صرف کم قیمت اور ابتدائی درجے کے موبائل فونز تک محدود رکھا جانا چاہیے تاکہ کم آمدنی والے صارفین اور پہلی مرتبہ اسمارٹ فون خریدنے والے افراد مستفید ہو سکیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کے رکن قاسم گیلانی نے اس پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ یہ اقدامات مکمل طور پر کافی نہیں، تاہم عوام کو ٹیکنالوجی تک بہتر رسائی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں درآمدی موبائل فونز پر جنرل سیلز ٹیکس، ریگولیٹری ڈیوٹی، موبائل ڈیوائس لیوی اور ودہولڈنگ ٹیکس سمیت مختلف محصولات عائد ہیں، جن کے باعث قانونی طور پر درآمد کیے جانے والے موبائل فونز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :امپورٹیڈ موبائل فونز استعمال کرنے والوں کیلئے ٹیکس سے متعلق بڑی خبر آگئی

حکام کے مطابق 200 سے 300 امریکی ڈالر مالیت کے درمیانی درجے کے موبائل فونز کے لیے بھی خصوصی رعایت منظور کی گئی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فونز کے خریداروں کو فائدہ پہنچے گا۔

500 امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے مہنگے موبائل فونز بدستور لگژری ٹیکس کے دائرے میں رہیں گے اور انہیں صرف ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کا فائدہ حاصل ہوگا،حکومتی فیصلے سے موبائل فون مارکیٹ میں سرگرمی بڑھنے، قانونی درآمدات میں اضافے اور صارفین کو نسبتاً کم قیمت پر جدید موبائل فونز کی دستیابی میں مدد ملے گی۔

editor

Related Articles