یوٹیلیٹی اسٹورز پر سبسڈائزڈ گھی کی قیمتوں میں بڑی کمی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹوز کارپوریشن نے سبسڈائزڈ گھی کی قیمتوں میں 18روپے کی کمی کر دی جس کے بعد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ خاندانوں کو فی کلو گھی 375روپے میں ملے گا۔ جبکہ عام صارفین کو گھی 463روپے سے کم ہو کر 445 روپے میں ملے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی نئی قیمتوں کا فوری طور پر اطلاق کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان کا وہ شہر جہاں روٹی 60 روپے تک کی فروخت ہونے لگی
دوسری جانب ملک میں ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل چھٹے ہفتے کے دوران کمی کا رحجان دیکھنے میں آیا ہے، ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.34 فیصد کی کمی ہوئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 21.31 فیصد تک گرگئی۔پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ بارے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 23 مئی 2024 کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں روزمرہ استعمال کی 18 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا، اس کے برعکس 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ ہفتہ کے دوران لہسن کی قیمت میں 7.87 فیصد، چکن 5.92 فیصد، آٹا4.66 فیصد، ایل پی جی 3.23 فیصد، پیاز1.99 فیصد، انڈے 1.22 فیصد، باسمتی چاول 1.12 فیصد، دال مسور0.95 فیصد، اری چاول 0.84 فیصد اور جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 0.04 فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کے برعکس بیف کی قیمت میں 0.049 فیصد، انرجی سیور0.44 فیصد، دال چنا0.42 فیصد، خشک دودھ 0.37 فیصد، تیارچائے 0.30فیصد، مٹن 0.25 فیصد، گڑ0.22 فیصد، شرٹنگ 0.17 فیصد، سگریٹ 0.13 فیصد، دہی 0.11 فیصد اور تازہ دودھ کی قیمت میں 0.06 فیصد کااضافہ ہوا۔سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوارآمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.38 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، 17733 روپے سے لیکر22888 روپے، 22889 روپے سے لیکر29517 روپے، 29518 روپے سے لیکر44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.39 فیصد، 0.35 فیصد، 0.36 فیصد، اور 0.33 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔