وفاقی حکومت نے موٹرسائیکل سواروں چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے شعبے کے لیے شروع کیے گئے فیول سبسڈی پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث عوام کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے جس کے بعد سبسڈی پروگرام کی ضرورت باقی نہیں رہی۔
فیصلے کی توثیق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت قومی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کے ساتویں اجلاس میں کی گئی جس میں پروگرام کی مجموعی کارکردگی افادیت اور عوامی سطح پر اس کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں براہِ راست عوام تک منتقل کیا جس کے نتیجے میں خصوصی سبسڈی پروگرام جاری رکھنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی۔
اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم کی منظوری سے فیول سبسڈی پروگرام کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے لیے ڈیٹا مینجمنٹ سسٹم اور مالی معاونت کی ترسیل کے طریقہ کار کو مزید مؤثر، شفاف اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ مستحق افراد تک بروقت سہولیات پہنچائی جا سکیں۔
قومی اسٹیئرنگ کمیٹی نے پروگرام کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کو دستاویزی شکل دینے نظام میں موجود خامیوں کی نشاندہی کرنے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحی اقدامات تجویز کرنے پر بھی زور دیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کسی بھی ہدفی سبسڈی یا امدادی پروگرام کے لیے ان تجربات سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری پٹرولیم، سیکرٹری آئی ٹی، گورنر اسٹیٹ بینک، صوبائی حکومتوں کے نمائندوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں نے بھی شرکت کی اور پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر اپنی آراء پیش کیں۔
واضح رہے کہ فیول سبسڈی پروگرام کا مقصد پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے موٹرسائیکل سواروں، چھوٹے کسانوں، پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور مال بردار گاڑیوں کے شعبے کو ریلیف فراہم کرنا تھا تاہم موجودہ معاشی صورتحال اور عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد حکومت نے اس پروگرام کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔