چند آسان احتیاطیں، آپ کے اسمارٹ فون کی عمر بڑھا سکتی ہیں

چند آسان احتیاطیں، آپ کے اسمارٹ فون کی عمر بڑھا سکتی ہیں

گرمی کی شدت صرف انسانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ اسمارٹ فونز کے لیے بھی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ درجہ حرارت فون کی کارکردگی متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی بیٹری اور اندرونی پرزوں کو بھی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

آج کے دور میں اسمارٹ فون رابطے، بینکنگ، دفتری امور، آن لائن خریداری اور تفریح سمیت زندگی کے تقریباً ہر شعبے کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی حفاظت اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں :مریخ پر زندگی کا نیا سراغ؟ ناسا کی اہم دریافت

ماہرین کے مطابق بیشتر اسمارٹ فونز 0 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں۔ اس سے زیادہ درجہ حرارت، خصوصاً براہِ راست دھوپ، فون کو تیزی سے گرم کر سکتا ہے۔

فون کے زیادہ گرم ہونے کی صورت میں بیٹری تیزی سے ختم ہو سکتی ہے، ڈیوائس کی رفتار کم ہو سکتی ہے، اسکرین کا ردعمل متاثر ہو سکتا ہے اور بعض اوقات فون اچانک بند بھی ہو جاتا ہے۔ مسلسل زیادہ گرمی بیٹری کی عمر کم کرنے کے ساتھ ساتھ اندرونی ہارڈویئر کو مستقل نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں :ایلون مسک کی ایک اور کامیابی، اسپیس ایکس نے ریکارڈ قائم کر دیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ فون کو کبھی بھی بند گاڑی میں نہ چھوڑا جائے کیونکہ گاڑی کے اندر درجہ حرارت چند منٹ میں خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

اسی طرح کمزور سگنل والے علاقوں میں اگر نیٹ ورک کی ضرورت نہ ہو تو فون کو ایئرپلین موڈ پر رکھنا بہتر ہے، کیونکہ مسلسل سگنل تلاش کرنے کے عمل سے فون مزید گرم ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :دنیا کا طاقتور ترین کمپیوٹر اب کس ملک کے پاس،تفصیلات سامنے آگئیں

اگر فون پہلے سے گرم ہو تو اسے فوری چارج کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ بہتر ہے کہ پہلے فون کو ٹھنڈا ہونے دیا جائے اور پھر چارج کیا جائے۔ گرمی کے موسم میں وائرلیس چارجنگ بھی اضافی حرارت پیدا کر سکتی ہے، اس لیے اس کا استعمال محدود رکھنا مفید ہو سکتا ہے۔

ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ گاڑی میں نیویگیشن استعمال کرتے وقت فون کو براہِ راست دھوپ سے بچایا جائے، اسکرین کی روشنی کم رکھی جائے اور اگر ممکن ہو تو اسے ایئرکنڈیشنر کے قریب رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں :جدید فیچرز، کم قیمت، میٹا کا نیا اسمارٹ چشمہ سامنے آ گیا

بیٹری سیونگ موڈ کا استعمال بھی فون کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیتا ہے کیونکہ اس سے غیر ضروری ایپس اور بیک گراؤنڈ سرگرمیاں محدود ہو جاتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق گرمی کے موسم میں فون کو سایہ دار جگہ پر رکھنا، غیر ضروری ایپس بند کرنا اور براہِ راست دھوپ سے بچانا چند آسان اقدامات ہیں جو نہ صرف فون کی کارکردگی بہتر رکھتے ہیں بلکہ اس کی عمر بڑھانے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

editor

Related Articles