بابر اعظم اور محمد رضوان کی کرکٹ میں تنزلی ، آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری

بابر اعظم اور محمد رضوان کی کرکٹ میں تنزلی ، آئی سی سی کی نئی رینکنگ جاری

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹس کی نئی پلیئرز رینکنگ جاری کر دی ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں بھی تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔

جاری کردہ رینکنگ کے مطابق ٹیسٹ بیٹنگ میں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ایک ایک درجہ تنزلی کا شکار ہوئے ہیں۔ محمد رضوان 19ویں جبکہ بابر اعظم 20ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔ دوسری جانب انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں بھی پاکستان کو ایک دھچکا لگا ہے جہاں اسپنر نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے سے ساتویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے شاندار کارکردگی کی بدولت ٹیسٹ فارمیٹ میں دنیا کے نمبر ون بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ میٹ ہنری 36 سال بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست آنے والے تیسرے کیوی بولر بن گئے ہیں۔

ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بابر اعظم اپنی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل بدستور دنیا کے نمبر ون ون ڈے بلے باز ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں زمین بوس،چار ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں

ون ڈے بولنگ رینکنگ میں پاکستان کے ابرار احمد دوسری اور شاہین شاہ آفریدی آٹھویں پوزیشن پر برقرار ہیں جو قومی ٹیم کے لیے ایک مثبت خبر سمجھی جا رہی ہے۔

ٹی 20 فارمیٹ میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے اپنی موجودگی برقرار رکھی ہے۔ بیٹرز کی رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں، جبکہ بولرز کی فہرست میں ابرار احمد تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

تاہم ٹی 20 بولنگ رینکنگ میں محمد نواز ایک درجہ تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر چلے گئے ہیں جس کے باعث پاکستان کے ٹاپ رینکنگ کھلاڑیوں کی فہرست میں معمولی تبدیلی آئی ہے۔

کرکٹ ماہرین کے مطابق آئندہ بین الاقوامی سیریز اور ٹورنامنٹس میں بہتر کارکردگی دکھا کر پاکستانی کھلاڑی اپنی رینکنگ مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

editor

Related Articles