پنجاب ٹریفک پولیس نے ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والے شہریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ آج یکم جولائی سے صوبہ بھر میں نادہندگان کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور سڑکوں پر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے ای چالان نظام کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے اس سلسلے میں ایسے شہری جو مقررہ مدت کے باوجود اپنے ای چالان ادا نہیں کریں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
ترجمان پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام فیلڈ افسران اور اہلکاروں کو جدید ٹریفک ون (Traffic One) ایپ فراہم کر دی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے اہلکار موقع پر ہی کسی بھی گاڑی یا موٹر سائیکل کے ای چالان کی تفصیلات بقایا واجبات اور ادائیگی کی حیثیت معلوم کر سکیں گے جس سے نادہندگان کے خلاف کارروائی مزید مؤثر اور شفاف ہو جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ اگر دورانِ چیکنگ کسی گاڑی یا موٹر سائیکل پر ای چالان کی رقم واجب الادا پائی گئی اور مالک نے مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کی ہو تو متعلقہ گاڑی یا موٹر سائیکل کو قانون کے مطابق بند کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ای چالان کی تفصیلات باقاعدگی سے چیک کریں اور بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے پنجاب سیف سٹی کے آن لائن پورٹل پر گاڑی یا موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر درج کرکے ای چالان کی مکمل معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ ای چالان نظام کا مقصد صرف جرمانے وصول کرنا نہیں بلکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور پیدا کرنا اور حادثات کی روک تھام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتاری سگنل کی خلاف ورزی، غلط پارکنگ ون وے کی خلاف ورزی، لین ڈسپلن کی خلاف ورزی اور دیگر ٹریفک قوانین توڑنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب ٹریفک پولیس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک مینجمنٹ کے نظام کو مزید مؤثر بنا رہی ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ منظم اور سہولت پر مبنی سفری ماحول فراہم کیا جا سکے اس مقصد کے لیے ای چالان نظام کو بھی مزید مضبوط اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں ای چالان کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی نہ صرف قانونی ذمہ داری ہے بلکہ اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کی بھی ضمانت ہے۔
پنجاب ٹریفک پولیس کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس مہم کے دوران پورے صوبے میں خصوصی چیکنگ جاری رہے گی اور ای چالان نادہندگان کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔