یکم جولائی 2026 سے نئے ٹیکسز کے نفاذ کے ساتھ ہی امپورٹڈ میک اپ اور پرسنل کیئر مصنوعات استعمال کرنے والی خواتین کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے۔
نئے فنانس بل کے تحت مختلف امپورٹڈ بیوٹی مصنوعات پر عائد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کر دی گئی ہے، جس کے باعث ان اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے فنانس بل میں بیرونِ ملک سے درآمد کیے جانے والے میک اپ کے سامان، پرفیومز، بیوٹی آلات، لوشنز اور دیگر پرسنل کیئر مصنوعات پر ڈیوٹی کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا باضابطہ اعلان فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈیوٹی میں کمی کے بعد آنے والے دنوں میں عالمی برانڈز کی امپورٹڈ بیوٹی مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے، جس سے صارفین کو براہِ راست ریلیف حاصل ہوگا۔
فنانس بل کے مطابق جن اشیاء پر ڈیوٹی میں کمی کی گئی ہے، ان میں امپورٹڈ میک اپ کٹس، فیس پاؤڈر، فیس شائنر، لپ اسٹک، لپ گلوس، میک اپ بیس کریمز، آئی لائنر، مسکارا اور آنکھوں کے بناؤ سنگھار سے متعلق دیگر مصنوعات شامل ہیں۔
اسی طرح عالمی برانڈز کے امپورٹڈ پرفیومز، باڈی اسپرے، فیس واش، فیشل کریمیں، موئسچرائزنگ کریمیں اور مختلف اقسام کے لوشنز بھی اب نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
فنانس بل کے تحت امپورٹڈ ہیئر اسٹریٹنرز، بال گھنگھرالے کرنے والے آلات، ہیئر کلرز، ہیئر لوشنز، ہیئر ریموونگ کریمیں اور امپورٹڈ نقلی زلفوں پر بھی عائد ڈیوٹی میں 2 سے 5 فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس سے بیوٹی اور کاسمیٹکس مارکیٹ میں قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔