پیپلزپارٹی کے اہم رہنما نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

پیپلزپارٹی کے اہم رہنما نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا

آزاد کشمیر کی سیاست میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی راہیں جدا کرتے ہوئے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ فیصلہ آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر اختلافات کے بعد کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سردار تنویر الیاس پارٹی کی جانب سے ٹکٹوں کی تقسیم کے طریقہ کار پر شدید تحفظات رکھتے تھے،اطلاعات کے مطابق وہ آزاد کشمیر کے چار مختلف حلقوں سے انتخاب لڑنے کے خواہش مند تھے اور اسی مناسبت سے پارٹی ٹکٹ کے خواہاں تھے، تاہم پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت انہیں صرف ضلع نیلم بالا کے ایک حلقے سے امیدوار بنانا چاہتی تھی۔

سردار تنویر الیاس نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ چار حلقوں سے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، جبکہ پارٹی قیادت اپنے فیصلے پر قائم رہی، دونوں فریقوں کے درمیان اختلافات دور نہ ہو سکے، جس کے بعد سابق وزیر اعظم نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں :پی ٹی آئی کے اہم رہنما نے پارٹی چھوڑ دی،ن لیگ میں شامل

اطلاعات کے مطابق سردار تنویر الیاس نے اپنے سیاسی ساتھیوں سمیت پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے مظفرآباد میں اپنے قریبی رفقا کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس کے بعد انہوں نے پارٹی چھوڑنے کے فیصلے کی توثیق کی، جس سے آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں نئی ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔

انتخابات سے قبل ایک اہم سیاسی رہنما کی جانب سے جماعت چھوڑنے کا فیصلہ انتخابی منظرنامے پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جبکہ مختلف سیاسی حلقے اب سردار تنویر الیاس کی آئندہ سیاسی حکمت عملی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اس پیش رفت پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سیاسی حلقوں میں یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ سردار تنویر الیاس آئندہ انتخابات میں آزاد حیثیت سے یا کسی دوسری سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم سے میدان میں اتر سکتے ہیں۔

editor

Related Articles